(لاہور نیوز) ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے حوالے سے گزشتہ دو ہفتوں کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب کی ہدایت پر ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا عمل تیزی سے جاری ہے، صوبہ بھر میں دو لاکھ 82 ہزار سے زائد شہریوں نے ڈرائیونگ لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کیا۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان مرزا فاران بیگ کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ایک لاکھ 55 ہزار سے زائد افراد نے لرننگ لائسنس حاصل کئے، جبکہ ایک لاکھ پانچ ہزار سے زائد شہریوں کو باقاعدہ (ریگولر) ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے۔
رواں ماہ اب تک 20 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے ڈرائیونگ لائسنسوں کی تجدید کروائی ہے، جبکہ 2 ہزار سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کئے گئے۔
اس کے علاوہ جدید سہولیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے 41 ہزار سے زائد افراد نے گھر بیٹھے آن لائن لائسنسنگ پورٹل کے ذریعے لائسنس حاصل کئے۔
