
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے دوہزار کینال سے زائد سرکاری اراضی غیر قانونی طریقے سے الاٹ کرنے کے کیس میں سابق اے ڈی سی آر سمیت پانچ غیر حاضر ملزمان کو ضمانت منسوخی کی درخواست پر دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے پنجاب حکومت کی درخواست پر سماعت کی، سابق اے ڈی سی آر ننکانہ رانا امجد علی سمیت مقدمہ میں شریک پانچ ملزمان پیش نہ ہوئے جبکہ سابق تحصیلدار سیلمان کریم سمیت دیگر 11 ملزمان کی ضمانت منسوخی کی درخواست میں عدالت پیش نہ ہوئے۔
دوران سماعت ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عبدالصمد نے موقف اختیار کیا کہ سابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رونیو سمیت دیگر ملزمان نے دوہزار چار سو دو کینال اراضی مختلف لوگوں کو بوگس ریکارڈ کی بنیاد پر الاٹ کی۔
ڈی سی ننکانہ کی مدعیت میں سابق اے ڈی سی آر سمیت دیگر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، اینٹی کرپشن عدالت نے ملزمان کی ضمانت منظور کر لی ہے، ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، استدعا ہے کہ ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کی جائیں۔
عدالت نے پیش نہ ہونے پر سابق اے ڈی سی آر ننکانہ رانا امجد علی سمیت دیگر ملزمان کو طلبی کے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت چوبیس جون تک ملتوی کر دی۔