ایڈیشنل آئی جی ٹریفک کا بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا حکم
(لاہور نیوز) ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں ماہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 1 لاکھ 78 ہزار سے زائد شہریوں کے چالان کئے گئے، بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کیخلاف مزید سخت کارروائیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے بتایا کہ لاہور ٹریفک پولیس نے 70 ہزار سے زائد شہریوں کو بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر بھاری جرمانے کئے، صوبہ بھر میں لائسنس کی چیکنگ کو یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں، بغیر لائسنس گاڑی اور موٹرسائیکل چلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
مرزا فاران بیگ کا کہنا تھا جرمانے اور قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے شہری اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں، شہریوں کو محفوظ سفر فراہم کرنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
