
16 May 2025
(لاہور نیوز) باغوں کے شہر میں سورج تیور دکھانے لگا، چرند پرند بھی پریشان ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 39 فیصد تک جا پہنچا، ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔
آئندہ چند روز تک گرمی کا راج برقرار رہے گا، بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ادھر شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک حد تک خراب ہو چکی ہے، ملک بھر میں فضائی آلودگی کے لحاظ سے شہر دوسرے نمبر پر آ گیا، ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر میں آلودگی کی شرح 152 ریکارڈ کی گئی جو عالمی معیار کے مطابق مضر صحت کے زمرے میں آتی ہے۔
ماہرین صحت نے سانس، دمہ اور دل کے مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔