(لاہور نیوز) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ پہلگام حملہ جھوٹ کا پلندہ اور مودی حکومت کی چال ہے،جس کو ہم سب مسترد کرتے ہیں۔
لاہور میں قومی یکجہتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرس میں بڑی تعداد میں علماء کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کے اکابرین نے شرکت کی۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا عبدالخبیر آزاد نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام منبر و محراب کے ذریعے قومی یکجہتی،مذہبی ہم آہنگی اور ملکی وحدت کو پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، وطن عزیز پاکستان میں قیام امن کیلئے علماء ومشائخ اورعوام اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔
مولاناعبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پہلگام حملہ جھوٹ کا پلندہ اور مودی حکومت کی چال ہے،جس کو ہم سب مسترد کرتے ہیں، بھارت کے حوالے سے حکومت پاکستان نے قومی سلامتی کے اجلاس میں جوفیصلے کیے ہیں وہ پوری قوم کی آواز ہے، ہم ایک متحد قوم بن کر ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں، بھارت اور مودی کا ناپاک ایجنڈا پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے۔
عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ملک کے دفاع اور استحکام کیلئے اپنی بہادر مسلح افواج اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، انڈیا نے اگر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو ہم اپنے سپہ سالار کی قیادت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی وانتہا پسندی کا خاتمہ،تشدد سے پاک معاشرہ،احترام انسانیت اور پیغام پاکستان کا فروغ ہم سب کی ذمہ داری ہے، پاکستان کے استحکام اورخوشحالی کیلئے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور سپہ سالار پاکستان حافظ جنرل عاصم منیر کا کردارقابل تحسین ہے، ریاست، پاکستانی عوام اور اُمت مسلمہ اہل فلسطین اور غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پُرامن احتجاج ہمارا حق ہے،اپنے ملک کی املاک کو نقصان پہنچانا دشمن کو فائدہ پہنچانے کے مترادف ہے،حکومت پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں،وہ شب و روز پنجاب کی ترقی و خدمت میں پیش پیش ہیں، صاف ستھرا پنجاب،خواتین کے حقوق،پنجاب تعمیر و تعلیم،صحت کی بہترین سہولتیں،مذہبی ہم آہنگی اورامن کے قیام میں ان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، جنہوں نے قومی یکجہتی کانفرنس کو کامیاب کروانے میں ہمارا ساتھ دیا۔
