
(لاہورنیوز) لاہور پولیس نے مسیحی برادری کے تہوار ایسٹر کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے، ایسٹر پر صوبائی دارالحکومت کے گرجا گھروں میں مذہبی و دعائیہ تقریبات کے دوران فول پروف سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے، شرکاء کو مکمل چیکنگ اور شناخت کے بعد ہی گرجا گھروں میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
بلال صدیق کمیانہ نے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی پر تعینات جوان چوکس رہیں، مشکوک افراد، سامان اور اطراف کی نقل و حرکت پرکڑی نظر رکھیں، سپروائزری افسران گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں اور انتظامیہ سے مسلسل رابطہ میں رہیں۔
سربراہ لاہور پولیس نے مزید بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گرجا گھروں اور اطراف کی سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی، ڈولفن سکواڈ،پی آریو اور ایلیٹ فورس کے جوان حساس گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور پارکوں کے اطراف موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں، ایسٹر کی دعائیہ تقریبات کے اختتام تک کوئی بھی اہلکار اپنا ڈیوٹی پوائنٹ ہرگز نہ چھوڑے،شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کر دی جائے، گرجا گھروں، پارکوں اور مسیحی آبادیوں کے اطراف میں سرچ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔