
(ویب ڈیسک) ارشد خان المعروف چائے والا کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کئے جانے کیخلاف پٹیشن پر رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی۔
نادرا نے رپورٹ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس جواد حسن کو جمع کرا دی جس کے مطابق چائے کے ڈھابے سے شہرت حاصل کرنے والے ارشد خان المعروف ارشد چائے والا کے والد زار محمد کی جائے پیدائش سرگودھا ،اپنی اسلام آباد، والدہ کے نام میں تضاد ہے، کارآمد شناختی کارڈ پر پاسپورٹ جاری ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2 تصدیقی ایجنسیوں کی رپورٹ پر پٹیشنر ارشد خان کو شوکاز جاری کیا گیا، ارشد خان افغانی ہے اور حکومتی پالیسی کے تحت افغان باشندوں کو انکے ملک بھجوایا جا رہا ہے۔
رپورٹ پر پٹیشنر ارشد خان کے وکیل نے عدالت سے جواب دینے کیلئے مہلت کی استدعا کر دی، عدالت نے پٹیشنر کے وکیل کی مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 22 اپریل تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ ارشد خان نے اسلام آباد میں چائے کے ڈھابے سے اپنی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہرت حاصل کی تھی، شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک ہونے پر لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ سے رجوع کیا تھا۔