
(لاہور نیوز) چیئرنگ کراس پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دھرنے کا 12واں روز جاری، مظاہرین کی جانب سے وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کرنے پر پولیس کی جانب سے مزاحمت کی گئی۔
مارچ کی کال دینے پر لاہور پولیس کی نفری مال روڈ پہنچ گئی، ایس ایس پی آپریشنز تصور اقبال، ایس پی سول لائنز عبدالحنان اور ایس پی کینٹ قاضی علی پولیس نفری کے ہمراہ مال روڈ پر موجود رہے۔
گرینڈہیلتھ الائنس نے پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کیا اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب پیش قدمی شروع کی تو پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہاتھا پائی ، دھکم پیل ہوئی، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن کا استعمال بھی کیا، اس موقع پر واٹر کینن کے استعمال سے ایک خاتون بیہوش ہو گئی، پولیس نے گرینڈ ہیلتھ الائنس سے پہلے مذاکرات کیے اور پھر ان کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایک کیس کی سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ نے بھی مال روڈ احتجاج پر برہمی کا اظہار کیا۔