
(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ پولیس نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ جمعرات کو ہماری بانی سے ملاقات ہو جائے گی۔
گورکھ پور ناکے سے واپس روانگی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ہم نے کہا اگر جمعرات کو ملاقات کرا دی جاتی ہے تو ہم چلے جائیں گے، پولیس نے پہلے کبھی وعدہ نہیں کیا آج وعدہ کیا ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ ہم تو ان پر اعتبار ہی کر سکتے ہیں کہ یہ جمعرات کو ملاقات کرائیں گے، ایک مہینہ ہو گیا ہم اپنے بھائی سے نہیں ملیں، آج عدالت نے بھی کہا ہے بچوں سے بات کرائیں، ڈاکٹر کو بھی رسائی دیں، جمعرات کو سیاسی رہنماؤں کی ملاقات بھی کرائی جائے گی۔
علیمہ خان نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کی ملاقات پانچ ماہ سے نہیں کرائی جا رہی، ہم پولیس کی یقین دہانی پر اب واپس جارہے ہیں، بانی نے کہا ہے جتنے لوگ ملنا چاہتے ہیں ملیں، مسئلہ یہ ہے کہ جیل والے فہرست کے مطابق ملاقات نہیں کراتے، بانی پی ٹی آئی بار بار مطالبہ کرتے ہیں ان کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کرائی جائے۔