
(لاہور نیوز) میو ہسپتال میں انجکشن کے مبینہ ری ایکشن کے معاملے پر نرسز کی غفلت اور لاپرواہی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی رپورٹ میں ثابت ہو گئی۔
لاہور نیوز نے انجکشن کی کلچر رپورٹ حاصل کر لی جس کے مطابق اینٹی بائیوٹک انجکشن سیفٹرائی ایگزون بالکل ٹھیک اور قابل استعمال قرار دیا گیا۔
ڈرگ ٹیسنگ لیب کی رپورٹ میں کہا گیا کہ انجکشن کو مکس کرنے کیلئے ڈسلٹڈ واٹر کے بجائے کیلشیم اور رِنگر لیکٹیٹ کا پانی ملایا گیا، رپورٹ کے مطابق ٹیسٹ میں انجکشن بالکل ٹھیک جبکہ پاؤڈر کو مکس کرنے کیلئے غلط پانی کا استعمال کیا گیا، اینٹی بائیوٹک پاؤڈر انجکشن کو مکس کرنے کیلئے جراثیم سے پاک پانی کی بجائے رینگر لیکٹیٹ اور کیلشیم کے پانی کا استعمال کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ انجکشن کے ری ایکشن سے دو مریض جاں بحق جبکہ 14 شدید متاثر ہوئے تھے، 10 مارچ کو انجکشن کے نمونے ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھجوائے گئے تھے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ غفلت و لاپرواہی کی مرتکب تین نرسز کو پہلے ہی معطل کیا جا چکا ہے، اب رپورٹ میں بھی نرسز کی غفلت و کوتاہی ثابت ہو گئی ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ نرسز کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہو سکیں۔