
(لاہور نیوز) مقامی سطح پر قدرتی وسائل کی دریافت کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، وزیرستان بلاک خیبر پختونخوا میں گیس و تیل کے نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
سپین وام ون کنویں سے یومیہ 12.96 ملین کیوبک فٹ گیس دریافت کر لی گئی جبکہ 20 بیرل خام تیل بھی دریافت ہوا ہے۔سپین وام ون کنویں پر کھودائی کا آغاز 28 مئی 2024 کو کیا گیا تھا، گیس و تیل کی وزیرستان بلاک میں نئی دریافت ماڑی انرجیز کی جانب سے کی گئی۔
ماڑی انرجیز کے مطابق ماڑی انرجیز وزیرستان بلاک میں آپریٹر کمپنی کے طور پر کام کر رہی ہے، بطور آپریٹر کمپنی وزیرستان بلاک میں 55 فیصد شیئرز ہولڈر ہے جبکہ جوائنٹ ایڈونچر میں او جی ڈی سی ایل اور او پی آئی بھی شامل ہیں۔ماڑی انرجیز کا کہنا ہے کہ نئی دریافت ملک کے ہائیڈرو کاربن وسائل کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی، کمپنی نئے ہائیڈرو کاربن وسائل کی مزید تلاش اور دریافت کے لیے پر عزم ہے۔کمپنی نے تعاون پر قومی سلامتی اداروں، وفاقی اور صوبائی حکومت کے تعاون کو سراہا ہے۔