(لاہور نیوز) معصوم پرندوں کو پنجروں میں بند کر کے بطور صدقہ فروخت کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
لاہور میں سمگلنگ کر کے قید کئے گئے پرندوں کو بطور صدقہ آزاد کروانے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز داتا دربار مارکیٹ سے کیا گیا۔
سینیئر منسٹر مریم اورنگزیب اور ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف لاہور ریجن عاصم کامران کی سربراہی میں وائلڈ لائف سٹاف لاہور نے کریک ڈاؤن کیا۔
اس دوران پرندوں کو پنجروں میں بند کر کے بطور صدقہ فروخت کرنے والے ملزمان گرفتار کئے گئے جبکہ ایک ملزم کو سانڈے کا تیل بیچتے ہوئے مفلوج کئے گئے درجنوں کی تعداد میں سانڈے بھی برآمد کر کے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
اس سلسلے میں عوام الناس سے اپیل ہے کہ بطور صدقہ پرندے آزاد کروانے والوں سے پرندے نہ خرید کر اس مکروہ دھندے کی حوصلہ شکنی کی جائے، کسی جگہ یہ لوگ پرندے فروخت کرتے نظر آئیں تو وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کو فوری مطلع کیا جائے۔
