
(لاہور نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے جاپان کے سفیر اکاماتسو سوچی کی ملاقات، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پائے جاتے ہیں، پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان، جاپان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کا خواہشمند ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، پاکستان دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین پارلیمانی تعلقات کو بڑھانے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی سطح پر وفود کے باقاعدہ تبادلوں کی ضرورت ہے۔
اکاماتسو سوچی نے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے، جاپانی سفیر نے سپیکر سردار ایاز صادق کی تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی تجویز سے اتفاق کیا۔
جاپانی سفیر نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں جاپان کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔