
(لاہور نیوز) یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب (یو سی پی) کا 27واں کانووکیشن منعقد ہوا جس میں 582 طلبہ میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔
پہلے سیشن میں فارماسیوٹیکل سائنسز، انجینئرنگ، لینگویجز، لٹریچر، ہیومینٹیز اور سوشل سائنسز فیکلٹی کے طلبہ میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں، چیئرمین بورڈ آف گورنرز یو سی پی میاں عامر محمود، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز سہیل افضل اور پروریکٹر یو سی پی ڈاکٹر حماد نوید نے کانووکیشن میں شرکت کی۔
کانووکیشن میں 29 گولڈ میڈلز، 24 سلور میڈلز اور 27 برونز میڈلز نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو دیئے گئے۔
اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز یو سی پی میاں عامر محمود نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج طلبہ اور والدین کے لئے ایک اہم دن ہے، ہر روز بغیر کسی چھٹی کے بچوں کو تیار کرنا، سکول چھوڑنا، سکول سے لینا، ہوم ورک دیکھنا، ان کی پروگریس کو چیک کرنا کم از کم ہر بچے کے لئے ماں باپ یہ ڈیوٹی 15 سے 20 سال تک کرتے ہیں، آپ کو ایک پروڈکٹو انسان دنیا میں لانے کا موقع ملتا ہے۔
چیئرمین بورڈ آف گورنرز یو سی پی میاں عامر محمود کا کہنا تھا سٹوڈنٹس کو اس قربانی کا احساس اس وقت تک نہیں ہوتا جب تک وہ خود والدین نہیں بن جاتے، جتنی مشکلات بڑھتی ہیں مواقع بھی اتنے ہی بڑھ جاتے ہیں، موجودہ صورتحال میں طلبہ کو مزید محنت کرنا ہو گی تاکہ ملک کو آگے لا سکیں۔
چیئرمین بورڈ آف گورنرز یو سی پی نے کہا ابھی بہت سے بچوں نے مجھے بتایا کہ وہ سول سروس کی تیاری کر رہے ہیں، کسی نے کہا کہ وہ بزنس کر رہے ہیں، ایک سوسائٹی جس میں ایمانداری کم ہے وہاں جب آپ فیلڈ میں جائیں گے اور حق کا ساتھ دیں گے تو آپ پر مشکلات آئیں گی، جب آپ پر مشکلات آئیں تو صبر کرو، آپ کچھ کر نہیں سکتے چلو آپ صبر کر لیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صبر کا مطلب ہے کہ آپ اپنی جگہ پر جم جائیں، آپ جب حق کے ساتھ کھڑے ہیں تو پھر پوری طاقت سے اس کے ساتھ کھڑے ہو جائیں، آپ کے قدم کبھی نہ ڈگمگائیں، یہ صبر ہے اور حق کے ساتھ کھڑے ہونا اور صبر کے ساتھ کھڑے ہونا یہ کامیابی کی دلیل ہے۔