
لاہور: (عاطف پرویز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ’’یوم تعلیم‘‘ منایا جا رہا ہے۔
اس دن کو منانے کا مقصد تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور دنیا بھر میں تعلیم تک یکساں رسائی کو یقینی بنانا ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے لیکن پاکستان میں تعلیم کی صورتحال تسلی بخش نہیں، شرح خواندگی تقریباً 59 فیصد ہے جو کہ جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے۔
پاکستان میں سکول جانے کی عمر کے تقریباً 2 کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں، خاص طور پر دیہی علاقوں اور خواتین کی تعلیم پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔
ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ فنڈز، سکولوں اور اساتذہ کی کمی سمیت غربت، صنفی عدم مساوات اور سہولیات کی عدم دستیابی شرح خواندگی کی کمی کی وجہ ہے، ہائر ایجوکیشن بھی بحران کا شکار ہے۔
ماہرین تعلیم نے مزید کہا کہ پنجاب میں تعلیمی معاملات امید افزا ہیں، حکومتی سکیمیں تعلیم کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہیں، جس میں لیپ ٹاپ، ہونہار سکالر شپس پروگرام شامل ہیں۔