18 Jan 2025
(ویب ڈیسک) سرکاری سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے دوسرے مرحلے میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو 20 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو گئیں۔
درخواستیں زائد موصول ہونے سے تاحال سکروٹنی کا عمل مکمل نہ ہو سکا، مذکورہ درخواستوں میں 9 ہزار سے زائد درخواستیں انفرادی طور پر جمع کروائی گئی ہیں۔
پیف حکام کا کہنا ہے کہ درخواستیں زائد موصول ہونے کے باعث سکروٹنی کا عمل تاحال جاری ہے، ایک ایک درخواست کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے، درخواستوں کی سکروٹنی کے عمل میں دو سے تین ہفتے مزید لگ سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فروری کے پہلے یا دوسرے ہفتے تک درخواستوں کی سکروٹنی مکمل کر لی جائے گی، نئے تعلیمی سال سے قبل متعلقہ سکولز تجربہ اور میرٹ پر پورا اترنے والی این جی اوز اور افراد کے حوالے کر دیئے جائیں گے۔
