(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ہم کسی بھی مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے تاہم حکومت مذاکرات کے نام پر قوم کو بے وقوف بنا رہی ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کی بحالی، الیکشن کے مینڈیٹ اور وہی مطالبات ہیں جو پہلے تھے، 9 مئی پر عدالتی کمیشن اور اسیران کی رہائی ترجیح ہے، آج حکومت کے ساتھ مذاکرات کی تیسری نشست تھی جس میں ہم نے مطالبات تحریری طور پر پیش کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ اور عرفان صدیقی کی پریس کانفرنس سے اندازہ ہو گیا ہم کیسا جواب دیں، آپ لوگ مذاکرات کے نام پر قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں، ہم اپنے کارکنان کا انصاف لیکر رہیں گے، وقت تبدیل ہو جائے کوئی پتا نہیں لگتا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت کہہ رہی ہے کہ 26 نومبر کو کوئی شہادت نہیں ہوئی، وفاقی وزرا کو 13 جنازے نظر کیوں نہیں آ رہے، اربوں روپے کے اشتہارت حکومت میڈیا کو دیتی ہے اور کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب سے مذاکرات شروع ہوئے ہیں عمران خان کی اہلیہ کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، مذاکرات میں ہم اپنی مرضی سے گئے کوئی زبردستی نہیں تھی۔
ترجمان پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے وزراء دن میں چار چار پریس کانفرنسز کر رہے ہیں لیکن تیاری نہیں کر رہے، دونوں وزراء کو کہتا ہوں ہم آئین کی بحالی اور شفاف انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں، چیف جسٹس سے انکوائری یا کمیشن کی ڈیمانڈ کرتے ہیں یہ ناحق نہیں ہے۔