(لاہورنیوز) ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافے کا رجحان جاری، حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں0.80 فیصد اضافہ ہواہے اور سالانہ بنیادوں پرمہنگائی کی شرح 4.64 فیصد سے بڑھ کر5.08 فیصد ہوگئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے میں 17اشیاء مہنگی اور 10 اشیاء سستی ہوئیں جبکہ24 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔حالیہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمتوں میں20.75 فیصد،چکن کی قیمتوں میں 22.47 فیصد، چینی2.19فیصد، بیف 0.69 فیصد،سرسوں کا تیل 0.69 فیصد، کوکنگ آئل0.74فیصد، ایل پی جی 0.18فیصد،جلانے والی لکڑی 0.95 فیصد اورگھی کی قیمتوں میں0.91 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق دال چنا کی قیمتوں میں0.78فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں 1.28 فیصد، پیازکی قیمتوں میں8.13فیصد،آلو 2.38 فیصد،انڈے 0.30فیصد،کیلا 0.68 فیصد، اور ٹوٹاچاول کی قیمتوں میں0.15فیصد کمی واقع ہوئی۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح0.69فیصداضافے کے ساتھ 5.10 فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 0.78 فیصداضافے کے ساتھ 5.09 فیصد رہی۔