ٹیکسز کی وصولی بہتر بنانے کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا آغاز کر دیا: وفاقی وزیر خزانہ
(لاہورنیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکسز کی وصولی بہتر بنانے کے لئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا آغاز کر دیا ہے، ریونیو اہداف کے حصول کیلئے کوشاں ہیں، جبکہ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس نہ ادا کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا اعلان کیا۔
تفصیلات کےمطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اصلاحاتی ایجنڈے میں ٹیکسیشن کا اہم کردار ہے، ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی موجودہ شرح 9 سے 10 فیصد کے درمیان ہے، حکومت ٹیکس اور جی ڈی پی کے ہدف کو 13 فیصد سے زائد لے جانے کی خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس کے نظام میں اصلاحات لا رہے ہیں، معاشی استحام کیلئے ٹیکس اہداف حاصل کرنا ناگزیر ہے، ریونیو اہداف کے حصول کیلئے کوشاں ہیں، ٹیکسوں کی وصولی کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا آغاز کر چکے ہیں، جو بھی اقدامات کر رہے ہیں قوم کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افراط زر کو کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، شفافیت کے لئے ڈیجیٹائزیشن کی جانب جا رہے ہیں، ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے، دیانتداری سے ٹیکس دینے والوں کو مزید بوجھ سے بچانے پر توجہ دی جا رہی ہے، ٹیکس گیپ اور لیکیجز کو روکنے پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ عام آدمی پر مزید بوجھ نہ پڑے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس ترمیمی بل کا مقصد ٹیکسوں کو ساڑھے 13 فیصد تک لانا ہے، ٹیکسوں سے متعلق یہ ہدف ہم نے تین سال میں حاصل کرنا ہے، ملک سے بدعنوانی اور ہراسیت کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔
