(لاہور نیوز) وفاقی حکومت نے سولر نیٹ میٹرنگ والے صارفین کو بوجھ قرار دے دیا۔
ذرائع کے مطابق نیٹ میٹرنگ صارفین کی وجہ سے سالانہ 125 ارب بوجھ پڑ رہا ہے، نیٹ میٹرنگ صارفین سے بجلی کی خریداری کے نرخ کو تبدیل کیا جائے گا۔
حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نیٹ میٹرنگ والے صارفین کے ساتھ نئے معاہدے نئی شرائط پر ہوں گے، ملک بھر میں سوا لاکھ کے قریب نیٹ میٹرنگ صارفین ہیں، سولر صارفین امیر طبقہ ہے، یہ لوگ مڈل کلاس اور لوئر مڈل کلاس نہیں، سولر کے صارفین کی وجہ سے باقیوں کے لئے بجلی مہنگی ہو رہی ہے۔
سولر صارفین کے ساتھ جتنے معاہدے ہوئے ہیں وہ اپنی جگہ برقرار ہوں گے، جتنے نئے لوگ نیٹ میٹرنگ لگانا چاہ رہے ہیں ان کے ساتھ معاہدے تبدیل ہوں گے، اس معاملے کو حکومت اور پھر کابینہ کے پاس لے جایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سولر پر پارلیمان اور قائمہ کمیٹیوں میں بھی بات چیت کی جائے گی، حکومت اس وقت سولر صارفین سے فی یونٹ بجلی 19 روپے کچھ پیسے میں خرید رہی ہے، سولر صارفین کے نرخ کو کم کر کے 8 سے 10 روپے فی یونٹ کیا جائے گا، سولر سے بجلی کی پیداوار 7 سے 8 روپے میں ہو رہی ہے۔