(لاہور نیوز) سیاسی منظر نامے پر بڑی پیشرفت ہونے جا رہی ہے، وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے۔
دونوں کمیٹیوں کی پہلی بیٹھک آج پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں ہو گی، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ان کیمرہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اس سلسلے میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ان کیمرہ اجلاس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا جبکہ اس حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کی کمیٹیوں کے اراکین کو بھی نوٹس کے ذریعے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی، کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ، سینیٹر عرفان صدیقی، راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان اور چودھری سالک حسین شامل ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے حکومت کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم میں عمر ایوب، علی امین گنڈاپور، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجا اور اسد قیصر شامل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سے مذاکرات کیلئے مطالبات کا ڈرافٹ بھی تیار کر لیا ہے۔
تیار کردہ ڈرافٹ کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے 5 ہزار سے زائد سیاسی قیدیوں کی فہرست تیار کی گئی ہے، سیاسی قیدیوں کی فہرست میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا نام سرفہرست رکھا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران سیاسی قیدیوں کی رہائی، 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مطالبات رکھے جائیں گے، جوڈیشل کمیشن سپریم کورٹ کے 3 انتہائی سینئر ججز پر مشتمل ہونے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔