سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی آڈٹ رپورٹ، اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی مالی سال 2020 اور 21 کی آڈٹ رپورٹ میں لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مالی امور میں بڑی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی مالی سال 2020 اور 21 کی آڈٹ رپورٹ میں لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مالی امور میں بڑی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، ایل ڈبلیو ایم سی نے کنٹریکٹرز کو قانون کے برعکس 8 ارب 65 کروڑ 90 لاکھ جاری کیے گئے، بزدار سرکار کی زبانی احکامات پر ادائیگیاں کی گئی۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق ملکی و غیر ملکی کنٹریکٹرز کو ادائیگی کی مد میں مجموعی طور پر 56 کروڑ 18 لاکھ کی مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو بار بار تحریری طور پر آگا کیاگیا لیکن مالی بے ضابطگیوں پر کوئی جواب نہیں جمع کرایا گیا۔
لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے من پسند کنٹریکٹرز کو نوازا گیا،ویسٹ کولیکشن کی مد میں کنٹریکٹرزکو پیشگی ادائیگیاں بھی خلاف قانون تھیں، دوسری طرف سڑکوں کی دھلائی کے کی مد میں بھی غیر قانونی طور پر رقم فراہم کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رقم کی ادائیگی کنٹریکٹ مکمل ہونے کی تصدیق کے بغیر کی گئی، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کےحکام مالی امور میں اربوں کی مالی بے ضابطگی پر آڈٹ کمیٹی میں پیش ہونے سے گریزاں ہیں۔