17 Dec 2024
(لاہور نیوز) پہلے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو جیت کیلئے 240 رنز کا ہدف دے دیا۔
پارل میں ہونیوالے پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے۔
میزبان ٹیم کی جانب سے ہینرچ کلاسن 86رنز بنا کر نمایاں رہے، ریان ریکلٹن نے 36، ایڈن مارکرم نے 35، ٹونی ڈی زورزی نے 33 اور مارکو جانسن نے 10رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان آغا نے 4، ابرار احمد نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل دونوں ملکوں کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میزبان ٹیم نے دو صفر سے اپنے نام کرلی تھی تاہم تیسرا ٹی ٹوئنٹی بارش کے باعث شروع ہی نہ ہو سکا تھا۔