(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت ہوئی، جیل حکام کی جانب سے شریک ملزم محمد خان بھٹی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب آج بھی پیش نہ ہوئے۔سرکاری وکیل نے مؤقف اپنایا کہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ آئندہ سماعت پر پرویز الہٰی پیش ہوں گے، ملزمان کے پیش نہ ہونے سے فرد جرم عائد کیے جانے میں تاخیر ہو رہی ہے۔
پرویز الہٰی کے وکیل نے آگاہ کیا کہ ڈاکٹرز نے ان کے مؤکل کو 7 دن کے لیے بیڈ ریسٹ کا مشورہ دیا ہے، دوران سماعت سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے بھی برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ سماعت پر بھی پرویز الہٰی پیش نہیں ہوئے تھے، ایسے نہیں چلے گا، ہم کیس کل تک ملتوی کر دیتے ہیں، پرویز الہٰی کو پیش کریں۔