11 Dec 2024
(لاہور نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری کیلئے 20 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔
اے ڈی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق قرض کی رقم بجلی کی تقسیم کے نظام میں جدت کیلئے استعمال ہوگی، تقسیم کار کمپنیوں کی پائیدار بجلی فراہم کرنے کی استعداد میں اضافہ ہوگا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ ابتدائی مرحلے میں تین بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو تعاون فراہم کیا جائے گا، لیسکو، میپکو اور سیپکو اپنے ریجنز میں پائیدار توانائی کیلئے موثر کردار ادا کریں گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کو 8 کروڑ 62 لاکھ ڈالر ترقیاتی قرض فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
