(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ ماہرہ خان کا اداکار فردوس جمال سے متعلق دیاگیا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
تفصیلات کےمطابق حال ہی میں ماہرہ خان نے عالمی اردو کانفرنس ادبی میلے میں بطور مہمان شرکت کی جہاں میزبان نے ان سے ریپڈ فائر سوالات کیے۔اس دوران انہوں نے عمران خان، شاہ رخ خان، اور ہمایوں سعید کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا،تاہم جب ان سے سینئر اداکار فردوس جمال کے بارے میں سوال کیا گیا تو ماہرہ خان نے محتاط انداز اپنایا اور دلچسپ جواب دیا۔
میزبان نے ماہرہ سے کہا کہ فردوس جمال کے بارے میں ایک جملہ کہیں جس پر ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ وہ فردوس جمال کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کر سکتیں کیونکہ وہ انہیں جانتی نہیں ہیں۔ ایک لمحے کے توقف کے بعد انہوں نے دوبارہ یہی کہا کہ وہ اس حوالے سے رائے نہیں دے سکتیں کیونکہ فردوس جمال بےشک اداکار ہیں لیکن وہ ان کو ذاتی طور پر نہیں جانتیں۔