(لاہور نیوز) ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے بادامی باغ کے علاقے میں خاتون پر سر عام بازار میں تشدد کرنے والے ملزم کو گرفتار کروا دیا۔
ترجمان سیف سٹیز کے مطابق خاتون نے 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کرکے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن میں اطلاع دی، متاثرہ خاتون نے بتایا کہ بازار میں اچانک سابقہ شوہر سے سامنا ہو گیا، سابقہ شوہر نے پرانی رنجش کی بنا پر سرِ عام تشدد کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
ترجمان نے بتایا ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قریبی پولیس کو موقع پر روانہ کیا، پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے خاتون کی نشاندہی پر ملزم کو گرفتار کر لیا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
خاتون کی دو سال قبل اس شخص سے طلاق ہو چکی تھی لیکن ملزم خاتون کو ہراساں اور دھمکاتا رہتا تھا۔
ترجمان سیف سٹیز کا کہنا ہے خواتین کسی بھی ظلم و زیادتی کی صورت میں 15 ہیلپ لائن پر کال کرکے 2 دبا کر ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن سے فوری مدد حاصل کریں۔