(ویب ڈیسک) اداکارہ صحیفہ جبار خٹک کا کہنا ہے کہ اداکاری سے انہیں اتنے پیسے ملتے ہیں کہ ان کا کچن اس سے بمشکل ہی چل سکے۔
پاکستان شوبز کی اداکارہ و ماڈل صحیفہ جبار خٹک نے حال ہی میں ایک یوٹیوب شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیرئیر، ذاتی زندگی، اور شوبز انڈسٹری کے حوالے سے گفتگو کی۔ایک سوال کے جواب میں صحیفہ نے بتایا کہ وہ ایک پختون خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، مگر ان کے گھر میں تعلیم یا شادی کے معاملات میں کوئی زبردستی نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بچپن سے ہی تعلیم، خصوصاً ریاضی اور اکاؤنٹنگ میں اچھی تھیں اور کبھی شوبز میں آنے کا نہیں سوچا تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے یونیورسٹی کے دوران اپنے کزن کے فیشن ہاؤس کے لیے ماڈلنگ شروع کی اور پھر یہ سلسلہ آگے بڑھتا گیا۔شوبز انڈسٹری میں آمدنی کے حوالے سے صحیفہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں اتنے پیسے نہیں ملتے کہ گھر کا کچن آسانی سے چل سکے۔ اگر کوئی ڈرامہ 4 سے 6 ماہ تک چلتا ہے تو اس کا معاوضہ بھی اقساط میں ملتا ہے۔