(لاہور نیوز) پنجاب یونیورسٹی کے طالب علم کے قتل کا معمہ حل ہو گیا۔
طالب علم کو موٹرسائیکل سواروں کی بجائے گاڑی کے اندر بیٹھے دوست کے پسٹل سے گولی لگی، پولیس نے ایک ملزم کو حراست میں لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق جینڈر سٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے طالب علم رانا عمار کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، دلاور، حذیفہ اور عمار تین دوست گاڑی کے اندر موجود تھے، دلاور گاڑی چلا رہا تھا جبکہ عمار دوسری فرنٹ سیٹ پر بیٹھا تھا، حذیفہ نامی طالب علم گاڑی کی پچھلی سیٹ پر اور اسلحہ حذیفہ کے پاس تھا۔
پولیس ذرائع نے بتایا گاڑی کے اندر ہی فائرنگ سے گولی عمار کو لگی جس سے وہ زخمی ہوا اور ہسپتال میں چل بسا، فائرنگ کے واقعہ کے بعد حذیفہ موقع سے فرار ہو گیا جبکہ دلاور عمار کو لیکر ہسپتال پہنچا، پولیس نے دلاور کو حراست میں لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں، گولی اچانک چلی یا کسی تنازعہ کے باعث فائرنگ کی گئی اس پہلو پر تحقیقات کا عمل جاری ہے۔