علی ظفر کا گانا "بالو بتیاں" یوٹیوب کی 2024 کی سالانہ ٹاپ میوزک ویڈیوز کی فہرست میں شامل
(ویب ڈیسک)علی ظفر کا گانا "بالو بتیاں"، جس میں لیجنڈری گلوکار عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی شامل ہیں، کو یوٹیوب کی 2024 کی سالانہ ٹاپ میوزک ویڈیوز کی فہرست میں شامل کر لیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق "بالو بتیاں" اس سال یوٹیوب کی ٹاپ میوزک ویڈیوز کی فہرست میں شامل ہونے والا واحد پاکستانی گانا ہے، جو پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔یہ گانا عالمی میوزک چارٹس، بولی وڈ بلاک بسٹرز اور پنجابی ٹریکس کے درمیان نمایاں ہو کر پاکستانی میوزک انڈسٹری کا پرچم بلند کر رہا ہے۔
علی ظفر نے اپنے اس گانے میں جدید میوزک کو روایتی لوک موسیقی کے ساتھ ایسا ملاپ دیا ہے کہ یہ نہ صرف مقامی بلکہ عالمی سامعین کو بھی متاثر کرنے میں کامیاب رہا۔علی ظفر نے کہا کہ عطا اللہ خان کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے اعزاز تھا اور وہ پاکستان کے موسیقی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔