(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جھنگ میں جعلی میٹ سٹور پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں مضر صحت گوشت تلف کر دیا۔
فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جھنگ میں لوہے شاہ قبرستان کے علاقے میں چھاپہ مار کر مضر صحت گوشت تلف کر کے مقدمہ درج کر لیا، کارروائی میں 1 ملزم گرفتار، سپلائر گاڑی ضبط کر لی گئی۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے بتایا ویٹرنری سپیشلسٹ کی نگرانی میں گوشت کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، گوشت ناقص پائے جانے پر تلف کر کے کارروائی عمل میں لائی گئی، گندے فرش اور بدبودار ماحول، کھلی نالیوں کے قریب گوشت کی تیاری کی جا رہی تھی، موقع سے جعلی مہریں اور ضروری جعلی دستاویزات برآمد کی گئیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سپلائر گاڑی اور جعلی مہریں موقع پر پولیس کے حوالے کر دی گئیں، مضر صحت گوشت کو جھنگ اور گردونواح میں فروخت کیا جانا تھا، مضر صحت گوشت کا کھانے میں استعمال موذی امراض میں مبتلا کرتا ہے۔