(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کا احتجاج ختم، چارروز سے رکی زندگی پھر سے چلنے لگی جبکہ داخلی اور خارجی راستے کھلنے سے عوام نے سکھ کا سانس لیا۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے بعد لاہور شہر کے داخلی اور خارجی راستے کھول دیئے گئے جس پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا، علاوہ ازیں موٹرویز کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے، موٹروے ایم 2 لاہور سے اسلام آباد جبکہ موٹروے ایم 11 کو لاہور سے سیالکوٹ کے لیے کھول دیا گیا۔
اسی طرح لاہور رِنگ روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا جبکہ موٹروے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں تا عبدالحکیم ، موٹروے ایم 14 ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان اور موٹروے ایم 3 کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا تاہم لاہور کے تمام داخلی و خارجی راستے بھی کھول دیئے گئے ہیں۔
شہر کے تمام بس سٹینڈز، لاری اڈوں اور ٹرمینلز کو بھی کھول دیا گیا ہے، واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کی وجہ سے راوی پل، پرانا راوی پل، سگیاں پل سمیت داخلی و خارجی راستوں کی بندش کے باعث لاہور کے باسیوں کو سفر کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔