(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے تاجروں کے وفد کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں تاجروں نے 8 بجے مارکیٹیں بند کرنے کی بندش ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ملک کی معاشی بہتری میں تاجر برادری کا بڑا حصہ شامل ہے، کوئی بھی پالیسی بناتے وقت سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا چاہئے، تاجر برادری کی بڑی تعداد ٹیکس دیتی ہے، ٹیکس دینے والوں کو عزت دینی چاہئے۔
سردار سلیم حیدر نے کہا جب بھی ملک کی معیشت بہتر ہونے لگتی ہے، ملک دشمن عناصر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے سرگرم عمل ہو جاتے ہیں، احتجاج مسائل کا حل نہیں، پی ٹی آئی مذاکرات کی میز پر آئے، احتجاج سے عوام کیلئے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا بیلا روس کے اعلیٰ سطحی وفد کا پاکستان میں آنا ملک کی معیشت کیلئے اچھی خبر ہے، اس موقع پر احتجاج کی کال دینا ملک دشمنی ہے، تمام سیاسی پارٹیوں کو معیشت کے معاملے میں ایک پیج پر ہونا چاہئے، معیشت بہتر ہو گی تو ملک خوشحال ہو گا۔