(لاہور نیوز) احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس پر سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی، بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشری بی بی عدالت پیش نہ ہوئیں اور طبی بنیاد پرحاضری سے ایک روزہ استثنی کی درخواست دائر کر دی۔
ملزمان نے آج بھی 342 کے تحت جاری سوالناموں پر جواب داخل نہیں کروائے، نیب پراسیکیوشن ٹیم نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر اعتراض اٹھا دیا اور کہا کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے اپنا پلیڈر بھی مقرر نہیں کیا گیا، حاضری سے استثنی کی درخواست ریفرنس کو تاخیر کا شکار کرنے کے لیے ہے۔
نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ملزمان کی جانب سے 342 کے سوال نامہ کے جواب بھی نہیں دیے گئے، ملزمان نے16 گواہوں کی طلبی سے متعلق جو درخواست دی ہے اس پر بھی بحث نہیں کی جا رہی، عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس پر سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی۔