(ویب ڈیسک)لاہور میں دوستی انٹرنیشنل تھیٹر فیسٹیول کا آغاز ہو گیا، جس کا شاندار افتتاح الحمرا ہال میں کیا گیا اور پہلے روز فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلیے ٹیبلو بھی پیش کیا گیا۔
رپورٹ کےمطابق الحمرا میں رنگا رنگ تقریب کے دوران ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد ندیم اور معروف اداکارہ سویرا ندیم نے شمعیں روشن کر کے تقریب کا افتتاح کیا۔تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد اجوکا تھیٹر کا خصوصی گیت بھی لانچ کیا گیا۔ تقریب میں اداکارہ سویرا ندیم نے اجوکا کے سفر کے حوالے سے گفتگو کی اور ماضی کی یادیں تازہ کیں۔
تقریب میں وہاب شاہ اور ان کے گروپ کی منفرد پرفارمنس نے حاضرین کے دل موہ لیے۔پرفارمنس میں ایک جانب صوفی رنگ کی عکاسی کی گئی تو دوسری جانب پاکستان کے چاروں صوبوں کی ثقافت کو بہترین انداز میں پیش کیا گیا۔
فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہوں نے ایک جذباتی خراجِ تحسین پیش کیا جسے حاضرین نے خوب سراہا۔ اجوکا تھیٹر کی انتظامیہ کے مطابق فیسٹیول 9 سے 17 نومبر تک الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں جاری رہے گا اور اس میں 11 ممالک کے تھیٹر گروپس شرکت کریں گے۔