(لاہورنیوز) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ این ٹی ڈی سی کو تین مختلف کمپنیوں میں تبدیل کردیا، ایک کمپنی بجلی کی خرید وفروخت کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ عوام سے کیے گئے وعدے پورے کررہے ہیں،بجلی کی قیمتوں میں عوام کوریلیف دے رہے ہیں، صنعتی اور گھریلو صارفین کیلئے بجلی سستی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیشن لائنز کے منصوبوں کا بروقت مکمل نہ ہونا بجلی مہنگی ہونے کی بڑی وجہ ہے، حکومت اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کررہی ہے، این ٹی ڈی سی ماضی میں بدانتظامی کا شکار رہا۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ حکومت نے اب بڑا فیصلہ کیا ہے اور این ٹی ڈی سی کو تین مختلف کمپنیوں میں تبدیل کیا جارہا ہے، ایک کمپنی بجلی کی خریداری و فروخت کرے گی، ایک کمپنی منصوبوں کو مکمل کرے گی، جن منصوبوں کو 2018 میں ختم ہونا تھا وہ منصوبے 2026 میں ختم ہوں گے۔
وفاقی وزیر توانائی کا مزید کہنا تھا کہ منصوبوں میں تاخیر ہمارا نظام برداشت نہیں کر سکتا، کوشش ہے ہر سال چھ ماہ کیلئے ایسا پیکیج لائیں ، ہمارے پاس اضافی بجلی موجود ہے ، خواہش ہے عوام مہنگی گیس کے بجائے سستی بجلی استعمال کریں۔