(ویب ڈیسک) پاکستانی فلمی صنعت کے مشہور ہدایتکار سید نور اور دیگر فنکاروں نے اپنے سرکاری اعزازات حکومت کو واپس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزازات صرف دیوار کی زینت بن کر رہ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری اعزازات واپس کرنے کا اعلان اداکارہ میرا کی رہائشگاہ پر منعقدہ عشایئے کے دوران کیا گیا، جو پاکستان فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن کے اعزاز میں دیا گیا تھا۔ عشائیے میں نامور فلمی شخصیات شہزاد رفیق، مسعود بٹ، صفدر ملک، معمر رانا، لیلی علی اور گلوکار وارث بیگ نے بھی شرکت کی۔ سید نور کے اعلان پر تقریب میں موجود تمام شخصیات نے تالیاں بجا کر اس فیصلے کی حمایت کی۔
معمر رانا نے اس موقع پر کہا کہ کچھ لوگ ہمیں فلم انڈسٹری کے زوال کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ ہمیں آپ نے دیا کیا ہے؟ اداکارہ میرا نے کہا کہ اگر وہ پاکستان فلم انڈسٹری کی اصل کہانی سنائیں گی تو وہ جذباتی ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ان کے دل اور آنسو اس انڈسٹری سے جڑے ہیں، جس کی کہانی ایک پل میں نہیں سنائی جا سکتی۔