(ویب ڈیسک) سینئر اداکار نعمان اعجاز نے شکوہ کیا ہے کہ ماضی میں ان کے ایک بیان پران کو طنز کا نشانہ بنایا گیا، کہا گیا کہ کیسے اداکار ہیں جو باوضو ہو کر نامحرم خواتین کے ساتھ کام کرتے ہیں۔
نعمان اعجاز نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے عقائد، کیریئر اور شوبز انڈسٹری کے معاملات پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں شوبز انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے 36 سال ہوگئے اور آج تک کسی بھی پروڈیوسر یا ہدایت کار نے ان کے پیسے نہیں کھائے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے بچوں کے پاس کینیڈین شہریت ہے جوکہ انہیں انکے ننیال کے خاندان کی وجہ سے ملی، کیوں کہ میرے بچوں کے نانا وہاں کے شہری تھے اور ان کے بچوں نے کینیڈا سے تعلیم حاصل کی۔
نعمان اعجاز نے بتایا کہ انہوں نے وکالت کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور انہوں نے کچھ سال تک وکالت کی پریکٹس بھی کی لیکن ان کا رزق شوبز انڈسٹری میں لکھا تھا، اس لیے وہ اداکار ہی بن کر رہ گئے اور اب انہیں اداکاری کے علاوہ کوئی دوسرا کام نہیں آتا۔
ایک سوال کے جواب میں اداکار نے کہا کہ ہم میں سے بہت سارے لوگ خدا پر کامل یقین کا دعویٰ تو کرتے ہیں لیکن درحقیقت اس پر عمل نہیں کرتے، ہمیں معلوم ہے کہ رازق خدا ہے لیکن اس باوجود ہم انسان کو ہی رازق سمجھ بیٹھتے ہیں اور لوگوں کے آگے پیچھے پھرنے لگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ خود کو بہت ہی اللہ والا بندہ نہیں سمجھتے لیکن ان کا یقین ہے کہ ان کے تمام معاملات، ان کی کامیابی اور ان کو اچھے رزق کی فراہمی خدا کی طرف سے ہے۔
نعمان اعجاز کے مطابق وہ باوضو ہوکرکام کرتے ہیں، خدا ان کے شوبز کے کام میں برکت ڈالتے ہیں اور وہ کام لوگوں کو پسند آجاتا ہے، ان کا رزق ایسے ہی چلتا ہے، ان کا کوئی کمال نہیں، سب خدا کا کرم ہے۔
اداکار نے شکوہ کیا کہ انہوں نے ماضی میں جب بات کی تھی کہ وہ باوضو ہوکر اداکاری کرتے ہیں تو لوگوں نے ان کا مذاق اڑایا، ان کے بیان پر میمز بنائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بیان پر مذاق کیا گیا کہ اداکار باوضو ہوکر نامحرم عورتوں کے ساتھ کام کرتے ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ والد انہیں ہدایت کرتے تھے کہ اگر کوئی بھی کام کرنے نکلو تو گھر سے باوضو ہوکر نکلو تو خدا اس میں برکت ڈالتے ہیں، اسی غرض سے ہی وہ باوضو ہوکر اداکاری کرتے ہیں اور خدا ان کے کام میں برکت ڈالتے ہیں۔