(لاہور نیوز) نیشنل ٹاسک فورس کی حکمت عملی کے باعث پاور سیکٹر میں جامع اصلاحات کا عمل شروع کر دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے احکامات پر پاور سیکٹر میں اصلاحات کیلئے نیشنل ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، ٹاسک فورس میں وزیر توانائی اویس لغاری کے علاوہ آرمی آفیشلز اور دیگر اداروں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔
اس حوالے سے وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ نئی پاور مارکیٹ کا ڈھانچہ متعارف کرایا جائے گا جہاں صارفین بجلی خرید سکیں گے، اقدامات سے بجلی کی قیمت اور حکومتی اخراجات کم ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاور سیکٹر کا گردشی قرض 9.5 ارب ڈالر تک پہنچنے کی وجہ سے یہ اصلاحات ناگزیر ہیں، حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے کچھ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی جانچ پڑتال کی، بعض آئی پی پیز کے ساتھ پرانے کنٹریکٹ ختم بھی کئے ہیں، حکومت نے ڈسٹری بیوشن کمپنیز کی نجکاری کے منصوبے پر بھی کام شروع کر دیا ہے۔