(لاہور نیوز) پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ مغرور حکمرانوں کے دن گنے جا چکے، عمران خان اگلے وزیر اعظم ہوں گے۔
ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت سے یہ خوفزدہ ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب دھمکیاں دے رہی ہیں، محترمہ گھس بیٹھیے کہتی ہیں، گھس بیٹھیے وہ ہیں جو فارم 47 سے آئے، پنجاب حکومت کی ناکامیوں کی ایک لمبی کہانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ظلم اور جبر بند کرے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ڈیل کی، بانی پی ٹی آئی ڈیل نہیں کریں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب کے بیان کے بعد ہماری تشویش بڑھ گئی ہے، ہماری لیگل ٹیم اس معاملے کو دیکھ رہی ہے، یہ ذہن میں رکھیے گا بانی کے خلاف سازش برداشت نہیں ہو گی، عوام آپ کا وہ حشرکریں گے آپ سوچ بھی نہیں سکیں گے۔
پی ٹی آئی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کے دوران چار ممبران سے ہمارا رابطہ نہیں ہو رہا تھا، چاروں ارکان اسمبلی کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر شوکاز دیئے گئے، چار میں سے 3 ارکان کا جواب آیا ہے جسے پارٹی دیکھے گی تاہم تحریک انصاف میں قائد صرف عمران خان ہیں۔