(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ عوام کو سوچنا چاہیے کہ کون ہے جو صرف نعرے لگاتا ہے اور کون کام کرتا ہے، بحثیت اتحادی حکومت پر مثبت تنقید کا مقصد حکومتی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہوٹہ میں غلام ربانی قریشی ویلفیٸر فاٶنڈیشن کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ مجھے یہاں آکر بہت خوشی ہوئی، مجھے پتہ ہے عوام مہنگائی کی وجہ سے کتنی مشکل صورتحال میں ہے، ڈایلیسز سنٹر بنوانا بہت بڑا کام ہے اس کو وہ سمجھ سکتا ہے جس کو ضرورت ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ووٹ کو قربان کیا، جہاں ملک کے وقار کی بات آٸی ہم نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا، پاکستانی قوم صدقہ و خیرات دینے میں نمبر ون ہے، تعلیم اور صحت حکومت کی ذمہ داری ہے، بد قسمتی سے ماضی میں حکومتوں نے اس پر توجہ نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں غریبوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے، آج اگر اتحادی حکومت چل رہی ہے اسکا کریڈیٹ صدر آصف علی زرداری کو جاتا ہے، عوام کو سوچنا چاہیے کہ کون ہے جو صرف نعرے لگاتا ہے اور کون کام کرتا ہے، بحثیت اتحادی حکومت پر مثبت تنقید کا مقصد حکومتی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا کہ میں متوسط طبقے سے ہوں، عوام کی مشکلات کا احساس ہے، سکولوں کو پرائیویٹ نہیں کرنا چاہیے جہاں سٹاف کی کمی ہے حکومت پوری کرے تاہم ضلع اٹک میں تحصیل ہسپتال پنڈی گھیب میں ڈائیلاسز سنٹر جلد شروع کر دیا جائے گا۔