(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبہ میں ایک کروڑ 65 لاکھ ایکڑ پر گندم کاشت کرنے کا ہدف مقرر کر دیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا، اجلاس میں گندم کی کاشت کے اہداف کا جائزہ لیا گیا۔
حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن میں 14 لاکھ 91 ہزار ایکڑ، سرگودھا میں 17 لاکھ 40 ہزار، فیصل آباد ڈویژن میں 18 لاکھ 87 ہزار ایکڑ پر گندم کاشت کرنے کا ہدف ہے، گجرات ڈویژن میں 12 لاکھ 51 ہزار ایکڑ، گوجرانوالہ میں 11 لاکھ 53 ہزار ایکڑ، لاہور میں 13 لاکھ 33 ہزار ایکڑ پر گندم کاشت کی جائیگی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں نو لاکھ 20 ہزار ایکڑ، ملتان ڈویژن میں 18 لاکھ 20 ہزار، بہاولپور 26 لاکھ 11 ہزار ایکڑ، ڈی جی خان ڈویژن میں 22 لاکھ 94 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کا ہدف ہے۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری نے گندم کی کاشت کے سلسلے میں کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ،انہوں نے کہا محکمہ زراعت گندم کی بوائی کیلئے کاشتکاروں کو مکمل تعاون اور رہنمائی فراہم کرے، گندم بوائی مہم کے دوران محکمہ زراعت کے افسران اپنی تمام تر توجہ مقررہ اہداف کے حصول پر مرکوز رکھیں، زراعت کے شعبہ کی بہتری حکومت کی ترجیح ہے، سرکاری زرعی اراضی پر گندم کی کاشت لازمی ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری زراعت نے بھی تفصیلی بریفنگ دی جس میں بتایا کہ گندم بوائی مہم یکم تا 30 نومبر جاری رہے گی، مانیٹرنگ کیلئے صوبے، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں، زرعی مداخل کی خریداری میں سہولت کیلئے کاشتکاروں کو کسان کارڈ مہیا کئے گئے ہیں، کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکار صوبہ بھر میں رجسٹرڈ ڈیلرز سے گندم کی فصل کیلئے بلاسود قرضہ پر زرعی مداخل خرید سکیں گے۔
کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور، محکمہ زراعت کے افسران اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی، تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔