(لاہورنیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس قواعد 2002 میں اہم ترامیم کر دیں۔
ایف بی آر کے مطابق نئی ترامیم کے تحت اب ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ کو روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ کیا جائے گا، یہ ترامیم 18 اکتوبر 2024 کو ایک ایس آر او کے تحت کی گئی ہیں۔
ترامیم انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 237 کے تحت کی گئی ہیں، ٹیکس سال 2024 کا گوشوارہ مقررہ مدت میں جمع کرانے والے ٹیکس دہندگان کو فوری طور پر ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل کر دیا جائے گا۔
ایف بی آر کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد گوشوارے جمع کرانے پر ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل ہونے کے لئے سرچارج ادا کرنا ہوگا۔
حکام کے مطابق یہ ترامیم ایف بی آر آپریشنز کی شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانے کی عکاسی کرتی ہیں، ایف بی آر ٹیکس دہندگان اور تمام سٹیک ہولڈرز کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔