ایس سی او اجلاس: رکن ممالک کا نئے اقتصادی ڈائیلاگ پر اتفاق، مشترکہ اعلامیہ پر دستخط
(لاہور نیوز) شنگھائی تعاون تنظیم کے 23 ویں اجلاس میں رکن ممالک نے نئے اقتصادی ڈائیلاگ پر اتفاق کیا ہے، رکن ممالک نے اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کر دیئے۔
کنونشن سینٹر اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس ہوا جس میں رکن ملکوں کے درمیان 8 دستاویزات پر دستخط ہوئے، رکن ملکوں کے رہنماؤں نے تنظیم کے بجٹ سے متعلق امور کی منظوری دیدی، اجلاس کے موقع پر ایس سی او سیکرٹریٹ سے متعلق دستاویز پر بھی دستخط ہوئے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں نے انسداد دہشتگردی کی علاقائی ایگزیکٹو کمیٹی سے متعلق دستاویز پر دستخط کئے جبکہ نئے اقتصادی ڈائیلاگ پر بھی اتفاق کیا، رکن ملکوں کے سربراہوں نے نئے اقتصادی ڈائیلاگ کی دستاویز پر دستخط کر دیئے۔
شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان حکومت کی صدارت روس کے سپرد کر دی گئی، ایس سی او سربراہان کے آئندہ اجلاس کی 2025 میں روس میزبانی کرے گا، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے روس کو تنظیم کی صدارت ملنے پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایس سی او سربراہ اجلاس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے اجلاس کی صدارت ملنے پر روس کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، پاکستان خطے کی ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
وزیراعظم نے فلسطین پر اسرائیلی بربریت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جارحیت ایک المیہ ہے، عالمی برادری کو بربریت روکنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کیلئے آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے، ایس سی او کو فعال اور متحرک تنظیم بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔