(لاہور نیوز) بوگس اسلحہ لائسنس ڈیلرز محکمہ داخلہ کے ریڈار پر آ گئے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب کے حکم پر 9 بوگس اسلحہ ڈیلرز کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی گئی، جعلی اسلحہ ڈیلرز کیخلاف ایف آئی آر پنجاب آرمز آرڈیننس 1965 کے تحت درج کی گئی، محکمہ داخلہ پنجاب نے مقدمے کے اندراج سے قبل اسلحہ ڈیلرز کیخلاف باضابطہ انکوائری مکمل کی۔
انکوائری رپورٹ کے مطابق ملزمان نے جعلی دستاویزات تیار کئے اور جعلی لائسنس پر اسلحہ فروخت کیا، بوگس لائسنس پر اسلحے کی فروخت سنگین جرم، سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، سیکرٹری داخلہ نے ہدایت کی کہ بوگس اسلحہ لائسنس اور جعلی ڈیلرز کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔
بوگس لائسنس کے حامل اسلحہ ڈیلرز کی شناخت پر انکوائری کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، محکمہ داخلہ پنجاب بھر کے اسلحہ ڈیلرز کے دستاویزات کی جانچ کر رہا ہے۔
ملزمان میں انگلش آرمز کمپنی، ایلے برادرز آرمز اینڈ ایمونیشن، قاسم آرمز سٹور، نیشنل رائفلز، اومیگا انٹرپرائزز، امین برادرز، آؤٹ ڈور ریسورس، ایم ایس موکل اور شہباز محیی الدین آرمز شامل ہیں۔