(لاہور نیوز) انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں آؤٹ آف فارم بابر اعظم اور دیگر سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی کا ہنگامی اجلاس آج ہو گا، اجلاس میں سلیکشن کمیٹی کے اراکین شریک ہوں گے، سلیکشن کمیٹی پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے سکواڈ کے حوالے سے بھی معاملات زیر بحث لائے گی۔
بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں کچھ سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کی تجویز زیر غور ہے، سلیکشن کمیٹی آؤٹ آف فارم سٹار بلے باز بابر اعظم کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں آرام دینے کی تجویز پر بھی غور کر رہی ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے اراکین نے کل ملتان میں ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور کپتان شان مسعود سے بھی مشاورت مکمل کر لی ہے، اجلاس میں قومی کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال کپتان کے نام پر بھی غور ہو گا۔