(لاہور نیوز) ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی نے باپ کی بچوں کو نہر میں پھینکنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
گوجرانوالہ سے ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی میں راہگیر کی کال موصول ہوئی، کالر کے مطابق ایک شخص بچوں کو نہر میں پھینکنے کی کوشش کر رہا ہے، چائلڈ سیفٹی سینٹر نے فوراً موقع پر پولیس کو بھجوایا، پولیس نے بروقت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے بچوں کی جان بچا لی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم نے گھریلو حالات سے دلبر داشتہ ہو کر بیوی کو مار پیٹ کر گھر سے نکال دیا تھا، ملزم اپنے 5 بچوں کو نہر کنارے لے آیا اور نہر میں گرانے کی کوشش کرنے لگا۔
ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کی ہدایات پر پولیس نے فوری ریسپانس کرتے ہوئے بچوں کو حفاظتی تحویل میں لیا، پولیس نے بچوں کی ماں کو تلاش کرتے ہوئے بچے ماں کے حوالے کر دیئے، پولیس نے ملزم باپ کو اقدام قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے حراست میں لے لیا۔