(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
قدرتی آفات سے آگاہی کے قومی دن پر پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ بہتر منصوبہ بندی اور آگاہی سے قدرتی آفات کے نقصانات کو کم کیا جا سکتا، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے احتیاط، آگاہی اور پیش بندی مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے تباہ کن اثرات کم کرنے کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، قدرتی آفات کے خطرے کے پیش نظر ارلی وارننگ سسٹم کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، قدرتی آفات سے بچاؤ کےلئے حفاظتی اقدامات کو بہتر اور ریسکیو سروسزکو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ہر فرد کو قدرتی آفات کے دوران محفوظ رکھنا اور مشکلات کے وقت ریسکیو کو یقینی بنانا ہے، قدرتی آفات کے خطرات سے بچاؤ کی عوامی آگاہی ضروری امر ہے، زندگی کے تحفظ کے لیے بروقت حفاظتی تدابیر اپنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اللہ تعالیٰ سب کو ہر طرح کی آفات سے محفوظ رکھے۔