(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے بھی صوبے میں امن وامان یقینی بنانے کیلئے فوج کو طلب کرلیا۔
فوج کی خدمات کے حوالے سے قواعد کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، قواعد آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت مسلح افواج کی تعیناتی پر عملدرآمد کرائیں گے۔
پاک فوج کی خدمات طلب کرنے کا نوٹیفکیشن جی ایچ کیو ارسال کر دیا گیا، پنجاب کے تمام کور ہیڈکوارٹرز کو بھی نوٹیفکیشن کی کاپی بھجوا دی گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فوج طلبی کا فیصلہ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس میں کیا گیا، مسلح جتھوں کی جانب سے حملے کی معلومات پر آرمڈ فورسز کو کارروائی کا اختیار ہو گا، مسلح افواج کو انتشار پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹنے کا اختیار ہو گا۔
پنجاب حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ رولز کے تحت آرمڈ فورسز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن پانچ کے اختیارات حاصل ہوں گے، پولیس کی عدم موجودگی میں مسلح افواج جرم روکنے کے لیے کسی بھی شخص کو تحویل میں لے سکیں گی۔