سرکاری ملکیتی اراضی کا ریکارڈ طلب ، بہترین استعمال کیلئے پلان مرتب کرنے کی ہدایت
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے مختلف محکموں کی ملکیتی اراضی کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سرکاری اراضی کے بہترین استعمال کے لئے پلان مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت ایک خصوصی اجلاس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کی صوبے کے مختلف اضلاع تک توسیع کی منظوری دی گئی، پنجاب ریونیو اتھارٹی کے امور میں اے ڈی سی ڈی اور اسسٹنٹ کمشنرز کو با اختیار کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبے کے مالی وسائل بڑھانے کے لئے پلاننگ کرنے اور صوبہ بھر میں ریسٹورنٹس، بیکریاں اور میرج ہالز کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام پر ٹیکس بڑھائے بغیر ریونیو کی وصولی میں اضافہ کیا جائے گا جو بھی سرکاری خزانے میں جمع ہوگا پائی پائی عوام پر خرچ ہوگی ، ریونیو اتھارٹی لیگل فریم ورک کی تشکیل کا ٹائم لائن مقرر کر دیا، عوام کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتی ہوں مگر مالی وسائل بہت زیادہ نہیں ہیں،ریونیو وصولی کے ٹارگٹ ہر صورت پورے کئے جائیں۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پہلی سہ ماہی کے ریونیو اہداف کی وصولی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ریونیو ٹارگٹ پورے کرنے والے ڈیپارٹمنٹس کو شاباش دی۔ سینیٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر فنانس مجتبیٰ شجاع الرحمان، ایم پی اے ثانیہ عاشق،پرنسپل سیکرٹری، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹریزایریگیشن، فنانس، مائن اینڈ منرل،ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹیکس کنٹرول اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔